القریش برادری کے وفد کی طاہر پرویز ایڈوکیٹ اور انیس قریشی کے ہمراہ ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ نہال ہاشمی سے طاہر پرویز قریشی ایڈوکیٹ، محمد انیس قریشی اور دیگر کی ملاقات ہوئی، جس میں القریش برادری کے کنونشن اور ایشیا کی معروف بابر مارکیٹ کے دورے کی دعوت دی گئی۔
کراچی وکلاء اتحاد کے مرکزی رہنما اور چیئرمین یونین کونسل صدر ٹاؤن، طاہر پرویز قریشی ایڈوکیٹ کی دعوت پر ہونے والی اس ملاقات میں بانی استحکام پاکستان سوشل فورم پاکستان و بانی جنرل سیکریٹری و قائمقام صدر انجمن فلاح و بہبود برادران القریش کراچی محمد انیس قریشی، وقاص احمد خان ایڈوکیٹ اور رئیس احمد ایڈوکیٹ بھی شریک تھے۔
اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحیثیت گورنر وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تاکہ شہری و دیہی تفریق کا خاتمہ ہو اور عوامی مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کی نشاندہی پر متعلقہ اداروں کو سفارشات بھیج کر مسائل کو عوام کی دہلیز پر حل کرانے کی کوشش کریں گے۔
محمد انیس قریشی نے گورنر سندھ کو القریش برادری کے یکجہتی کنونشن میں شرکت اور بابر مارکیٹ کے دورے کی دعوت دی، جبکہ بجلی، گیس، پانی، سیوریج، سڑکوں اور فٹ پاتھ جیسے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا دفتر عوام کے لیے ہر وقت کھلا ہے اور وہ اپنی قانونی و اخلاقی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔ آخر میں انہوں نے طاہر پرویز قریشی، محمد انیس قریشی اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
0 تبصرے