نوجوانوں کے لیے خوشخبری، وزیراعظم نے بڑا اعلان کردیا

نوجوانوں کے لیے خوشخبری، وزیراعظم نے بڑا اعلان کردیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم Shehbaz Sharif نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں پر پیشرفت اور آئندہ سال کے لیے نئے منصوبوں کی تجاویز سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم اور تربیت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کو عالمی تقاضوں کے مطابق بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پیش کریں، وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی تکنیکی اور فنی تربیت پر توجہ دے جس سے نوجوانوں کے لیے ملک اور بیرونِ ملک روزگار کے یقینی مواقع پیدا ہوں۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے مختلف آسان قرض اسکیموں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانے، کم آمدنی اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کے لیے یوتھ پروگرام کو وزارتِ صنعت کے ساتھ تعاون کی ہدایت بھی کی۔ شہباز شریف نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین Rana Mashhood Ahmad Khan اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جبکہ اجلاس کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی کارکردگی پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس کے دوران حکام نے بتایا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے قیام سے اب تک 8 لاکھ سے زائد نوجوان اور 2 ہزار سے زیادہ ادارے رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر 4800 سے زیادہ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں جن کی سخت جانچ پڑتال کے بعد شمولیت یقینی بنائی جاتی ہے۔ حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز کے تحت اب تک 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد نوجوانوں کو 122.5 ارب روپے کاروبار اور زراعت کے لیے آسان شرائط پر قرض کی صورت میں دیے جا چکے ہیں جس کے نتیجے میں 9 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ قرض اسکیم کے تحت دیے گئے ہر قرض کے بدلے 3 سے زائد نئے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک کی پہلی یوتھ اینڈ ایڈولیسینٹ پالیسی اور پہلی یوتھ روزگار پالیسی تیار ہوچکی ہے، اسی طرح ملک میں پہلی قومی یوتھ کونسل کا قیام اور وزیراعظم اسپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔ اسپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت رواں سال 4 لاکھ نوجوانوں نے حصہ لیا، جس میں ملک کے محروم اور متوسط طبقے کے نوجوانوں کو میرٹ پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملا، جس کا عملی مظاہرہ رواں سال Pakistan Super League میں اسی پروگرام کے تحت سامنے آنے والے کئی کھلاڑیوں کی شمولیت کی صورت میں دیکھنے میں آیا۔ اجلاس کو یوتھ پروگرام کے تحت ملک میں مکسڈ مارشل آرٹس، فیفا ایرینا اور ای اسپورٹس سمیت مختلف منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔