صوبائی صدر نواز لیگ سندھ بشیر میمن کی زیر صدارت کشمیری قیادت کا بھرپور اجتماع، تنظیمی امور اور آئندہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس کراچی میں چیئرمین الیکشن کمیٹی و صوبائی صدر سندھ بشیر احمد میمن کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور، آئندہ انتخابی حکمتِ عملی اور کشمیری برادری کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں رہنماؤں نے باہمی اتحاد، مشاورت اور سیاسی ہم آہنگی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور موثر نمائندگی کے لیے مربوط جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
اجلاس میں سیکرٹری کشمیر الیکشن کمیٹی و سینئر نائب صدر سندھ علی اکبر گجر ایڈووکیٹ، کمیٹی ممبر و نائب صدر سندھ خواجہ شعیب سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں اور تنظیم کو مزید فعال اور منظم بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں شریک معزز شخصیات میں سابق صدر سپریم کورٹ بار یسین آزاد، صدر آزاد جموں و کشمیر سندھ بلوچستان زون سردار شیراز، صدر کراچی ڈویژن آزاد جموں و کشمیر فریدالدین میر، سینئر نائب صدر سندھ بلوچستان زون نصیر احمد خان، حاجی مظفر شجرہ، غلام مصطفیٰ ایڈووکیٹ، سردار طارق، محمد آزاد خان ایڈووکیٹ، سردار جاوید اقبال ایڈووکیٹ، نصیر احمد ایڈووکیٹ، قاضی محمد زاہد حسین، نیاز احمد، خوشحال بٹ، محمد نیاز خان، حسنین عباسی، شیخ ریحان اور دیگر کشمیری احباب شامل تھے۔
رہنماؤں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کے مسائل کو ہر فورم پر موثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور سیاسی و سماجی سطح پر کشمیری برادری کے اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
0 تبصرے