کراچی رینجرز کیمپ حملے میں بھارت ملوث نکلا، ماسٹر مائنڈ سمیت تمام سہولت کار گرفتار

حملے میں بھارت ملوث نکلا ہے اور اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی تھی۔

کراچی رینجرز کیمپ حملے میں بھارت ملوث نکلا، ماسٹر مائنڈ سمیت تمام سہولت کار گرفتار

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں رینجرز کیمپ پر ہونے والے حملے کے حوالے سے صوبائی وزیرِ داخلہ ضیاء لنجار نے پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اہم انکشافات کیے ہیں۔ وزیرِ داخلہ کے مطابق رینجرز کیمپ پر حملے میں بھارت ملوث نکلا ہے اور اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ رینجرز کیمپ پر چار دہشت گردوں نے حملہ کیا، جن میں سے تین افغان شہری تھے جبکہ ایک کا تعلق باجوڑ سے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے ماسٹر مائنڈ قاری بشیر کو رینجرز نے گرفتار کر لیا ہے، جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کے نام جانان، عبدالہادی، عمر فاروق اور عثمان ہیں۔ دہشت گرد عثمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کو افغانستان سے بلوچستان کے راستے کراچی پہنچایا گیا تھا، جبکہ اس حملے میں 13 سہولت کار بھی ملوث تھے، جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وزیرِ داخلہ اور پولیس افسران کے مطابق گرفتار تمام دہشت گردوں اور سہولت کاروں نے اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا ہے۔