منگل، 20 اکتوبر 2026
بریکنگ

سندھ کابینہ کے اہم فیصلے، سی سی ای امیدواروں کی عمر کی حد 33 سال اور امتحان میں شرکت کے مواقع پانچ کرنے کی منظوری

تازہ ترین 20th Oct 2026 7 مناظر
سندھ کابینہ کے اہم فیصلے، سی سی ای امیدواروں کی عمر کی حد 33 سال اور امتحان میں شرکت کے مواقع پانچ کرنے کی منظوری
کراچی (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) میں اصلاحات سمیت صوبے کے انتظامی، تعلیمی اور دیگر امور سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں مشترکہ مقابلے کے امتحان (سی سی ای) کے لیے امیدواروں کی عمر کی حد 30 سال سے بڑھا کر 33 سال کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ امتحان میں شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر پانچ کردیے گئے۔ کابینہ نے سی سی ای 2026 کے اسکریننگ ٹیسٹ میں کامیابی کا معیار 40 فیصد سے کم کرکے 33 فیصد کرنے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ایس پی ایس سی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ ایک پرچے پر مشتمل امتحانات کے لیے کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت نتائج فوری طور پر پرنٹ کیے جاسکیں گے۔ انٹرویو کے نمبروں پر وفاقی کمیشن کے تناسب کے مطابق نظرثانی کی تجویز بھی پیش کی گئی، جبکہ احتجاج میں حصہ لینے والے امیدواروں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ سرکاری زمین کے انتظام کے لیے قانونی مسودہ، خصوصی کمیٹی قائم اجلاس میں سندھ گورنمنٹ لینڈ مینجمنٹ ایکٹ کا مسودہ بھی پیش کیا گیا، جس کا مقصد سرکاری زمین کی الاٹمنٹ، لیز اور انتظام کے لیے شفاف قانونی ڈھانچہ تیار کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سرکاری زمین کی الاٹمنٹ میں نیلامی کے طریقہ کار اور شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لیز کی واضح شرائط مقرر کرنا اور حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے۔ مسودے سے متعلق مختلف محکموں کے تحفظات دور کرنے کے لیے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی، جو آئندہ اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ چینی کے برآمدی کوٹے میں سندھ کا 30 فیصد حصہ بحال سندھ کابینہ نے 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی تجویز کی منظوری دیتے ہوئے مجموعی برآمدی کوٹے میں سندھ کا 30 فیصد حصہ بحال کردیا، جسے صوبائی طریقہ کار کے تحت شوگر ملوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ گیس رائلٹی نقد رقم کے بجائے گیس کی صورت میں وصول کرنے کی منظوری کابینہ نے قدرتی گیس کی 12.5 فیصد رائلٹی نقد رقم کے بجائے گیس کی صورت میں وصول کرنے کی نئی پالیسی کی بھی منظوری دے دی۔ یہ پالیسی رائے کے لیے وفاقی پیٹرولیم ڈویژن، وزارتِ خزانہ کے ڈویژن اور اوگرا کو بھیجی جائے گی۔ ڈاکٹر نبیلہ نجم سومرو کی ملازمت میں توسیع اجلاس میں طبی شعبے سے متعلق فیصلہ کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ نجم سومرو کی ملازمت کی مدت میں 10 اگست 2028 تک توسیع کی منظوری دی گئی۔ اس فیصلے کے تحت وہ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبلیٹیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر کام جاری رکھیں گی۔ اجلاس میں رواں سال کے دوران لاڑکانہ میں ادارے کا نیا یونٹ فعال کرنے کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ