حیدرآباد: آکاش انصاری قتل کیس، سزائے موت پانے والے ملزم کی اپیل فوری سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست مسترد
سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد نے معروف شاعر آکاش انصاری کے قتل کیس میں سزائے موت پانے والے ان کے لے پالک بیٹے شاہ لطیف کی سزا کے خلاف اپیل فوری بنیادوں پر سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
سینٹرل جیل میں سزائے موت کے منتظر شاہ لطیف نے اپنے وکیل بھگوان داس کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد میں ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ اور فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔
اپیل زیر التوا ہونے پر ملزم نے اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کی تھی کہ اس کی اپیل کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
درخواست کی سماعت جسٹس عمر سیال اور جسٹس محمد ہمایوں خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔ عدالت نے درخواست اس بنیاد پر مسترد کردی کہ اس سے قبل بھی متعدد اپیلیں زیر التوا ہیں، پہلے ان اپیلوں پر فیصلے کیے جائیں گے، جس کے بعد ترتیب وار دیگر اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کی جائیں گی۔