کراچی میں چینی کی قیمت میں 50 روپے کی بڑی کمی

کراچی میں چینی کی قیمت میں 50 روپے کی بڑی کمی

کراچی؛ حکومتی اداروں کے سخت اقدامات کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں جس کے باعث چینی کی تھوک قیمتوں میں کمی کا رجحان پیدا ہوگیا ہے۔ کراچی میں چینی کی فی کلو گرام قیمت میں یکدم 50روپے کی بڑی نوعیت کی کمی کے سبب 200روپے سے گھٹ کر 150روپے کی سطح پر آگئی۔ کراچی کی تھوک مارکیٹ میں فی کلو گرام چینی کی تھوک قیمت 146روپے ہوگئی ہے جبکہ پنجاب میں فی کلو چینی کی تھوک قیمت کم ہوکر 145روپے ہوگئی۔ چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق چینی کے فارورڈ سودے 135روپے میں بُک ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور کرشنگ سیزن شروع ہونے سے فی کلو گرام چینی جلد 100روپے کی سطح پر آجائے گی۔ چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ ملک میں چینی کے وافر ذخائر دستیاب ہیں جبکہ ملک میں ڈیڑھ لاکھ ٹن درآمدہ چینی کے ذخائر بھی گوداموں میں موجود ہیں۔