مذہبی جذبات کو تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شیعہ علما سے ملاقات، قومی سلامتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال

مذہبی جذبات کو تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی (ویب ڈیسک) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مذہبی جذبات کو ملک میں تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے راولپنڈی میں شیعہ علما سے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے کہا کہ اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں علما کا کردار انتہائی اہم ہے، اور غلط معلومات اور فرقہ وارانہ بیانیے کی روک تھام کے لیے علما کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مذہبی جذبات کو ملک میں تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ سید عاصم منیر نے کہا کہ افغان طالبان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکیں، اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جہاں بھی دہشتگرد اور ان کے ٹھکانے ہوں گے، انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علما کی جانب سے تشدد کی بھرپور مذمت کی گئی اور امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی حمایت کا اعلان بھی کیا گیا۔