نوجوان مردوں میں نس بندی کرانے کا رجحان بڑھنے لگا، ماہرین نے خبردار کر دیا

نوجوان مردوں میں نس بندی کرانے کا رجحان بڑھنے لگا، ماہرین نے خبردار کر دیا

لندن (ویب ڈیسک): برطانیہ میں مردوں کی مستقل نس بندی (ویسیکٹومی) کرانے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس میں 30 سال سے کم عمر نوجوان بھی شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق ویسیکٹومی ایک محفوظ اور مؤثر طبی طریقہ ضرور ہے، لیکن یہ ایسا فیصلہ ہے جس پر مکمل غور و فکر اور طبی مشورے کے بعد ہی عمل کرنا چاہیے، کیونکہ اسے ہر صورت میں واپس کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ برطانوی ادارۂ صحت (این ایچ ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق 2024-25 کے دوران انگلینڈ میں 26 ہزار 385 مردوں نے ویسیکٹومی کرائی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 16 فیصد زیادہ ہے۔ ان میں تقریباً 950 مردوں کی عمر 30 سال سے کم تھی۔ واضح رہے کہ ویسیکٹومی ایک طبی عمل ہے، جس میں خصیوں سے اسپرم لے جانے والی نالیوں کو بند یا کاٹ دیا جاتا ہے تاکہ حمل ٹھہرنے کا امکان ختم ہو جائے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بعض صورتوں میں ویسیکٹومی کو ریورس کرنے کا آپریشن ممکن ہوتا ہے، لیکن اس کی کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی، اس لیے اسے مستقل خاندانی منصوبہ بندی کا فیصلہ سمجھ کر ہی اختیار کرنا چاہیے۔ طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ ایسا مستقل قدم اٹھانے سے پہلے ہر شخص اپنی زندگی کے حالات، مستقبل کی منصوبہ بندی اور اپنے شریکِ حیات کے ساتھ تفصیلی مشاورت کرے، پھر ہی حتمی فیصلہ کرے۔