جمعہ، 20 نومبر 2026
بریکنگ

جوئے کی آن لائن گیمنگ کا نیٹ ورک بے نقاب، 240 ارب روپے کی لین دین کا انکشاف

تازہ ترین 20th Nov 2026 18 مناظر
جوئے کی آن لائن گیمنگ کا نیٹ ورک بے نقاب، 240 ارب روپے کی لین دین کا انکشاف
کراچی (ویب ڈیسک) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کے خلاف کارروائی کے دوران جوئے اور سٹے کے ایک بڑے نیٹ ورک کا انکشاف کردیا۔ این سی سی آئی اے کراچی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کے خلاف تین ماہ تک تحقیقات کی گئیں۔ تحقیقات کے دوران ’ایکس 777‘، ’میل بیٹ‘ اور ’ون ایکس بیٹ‘ سمیت متعدد بیٹنگ ایپس کے ذریعے بڑے پیمانے پر مالی لین دین کا انکشاف ہوا۔ آن لائن جوئے میں ملوث 38 بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ 38 کمپنیوں کے کردار کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹنگ ایپس ابتدا میں صارفین کو منافع کا لالچ دے کر جوئے کی طرف راغب کرتی ہیں، جس کے بعد صارفین کی رقوم مسلسل اس کاروبار میں گردش کرتی رہتی ہیں۔ صارفین ’جاز کیش‘ اور ’ایزی پیسہ‘ اکاؤنٹس کے ذریعے بھی رقم منتقل کرتے ہیں، جبکہ جوئے سے حاصل ہونے والی رقم کا 60 سے 65 فیصد دوبارہ بیٹنگ ایپس میں لگایا جاتا ہے۔ شہزاد اکبر نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں 6 ارب 15 کروڑ روپے کی مشکوک لین دین کی نشاندہی کی گئی تھی، جبکہ این سی سی آئی اے کی جاری تحقیقات کے دوران مشکوک اکاؤنٹس میں آنے والی مجموعی رقم 240 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ تحقیقات کے مطابق آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کی مجموعی مالی سرگرمیاں ایک ہزار ارب روپے تک ہونے کا خدشہ ہے۔ کارروائی کے دوران ایک ارب روپے مالیت کی رقم اور جائیدادیں منجمد کی گئی ہیں۔ کارروائی کے دوران گرفتار ملزم سے 73 لاکھ روپے نقد بھی برآمد ہوئے، جبکہ نیٹ ورک سے منسلک دو بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جوئے کی رقم منتقل کرنے کے لیے مختلف کاروباری سرگرمیوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھولے جاتے تھے۔ دودھ، ویب ڈیزائننگ اور دیگر کاروباروں کی آڑ میں اکاؤنٹس کھلوا کر ان کے ذریعے اربوں روپے کی لین دین کی جاتی تھی۔ بے نامی اکاؤنٹس کے مالکان کو ماہانہ معاوضہ دے کر ان کے اکاؤنٹس استعمال کیے جاتے تھے۔ ایک شخص کے نام پر کھولے گئے تین بینک اکاؤنٹس میں 18 ماہ کے دوران 2 ارب روپے منتقل ہوئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ این سی سی آئی اے نے ایک اور اہم کارروائی کے دوران ڈارک ویب کے ذریعے دنیا بھر کے خفیہ اداروں کے اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرکے فروخت کرنے والے پاکستانی نوجوان کو بھی گرفتار کرلیا۔ ایک عالمی ادارے کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو منظور کالونی کے قریب گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کے جسم پر بنے مختلف نقش و نگار اور سائبر جرائم سے متعلق دیگر معلومات بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے عالمی ادارہ تین سال سے کوششیں کر رہا تھا۔ این سی سی آئی اے کی ایک اور کارروائی کے دوران ’ڈبہ اسکیم‘ چلانے والے نیٹ ورک کو ڈائلر سافٹ ویئر تیار کرکے فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ شہزاد اکبر نے بتایا کہ گرفتار ملزم دانیال ڈائلر سافٹ ویئر تیار کرنے اور خریدنے کے علاوہ مختلف کال سینٹرز کو بھی یہ سافٹ ویئر فراہم کرتا تھا۔ ’ڈبہ اسکیم‘ کے نیٹ ورک میں استعمال ہونے والا ڈائلر سسٹم تیار کرکے فراہم کرنے میں ملوث ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کم عمر لڑکیوں کے آن لائن استحصال کا خدشہ سامنے آنے پر ان کے والدین کو فوری طور پر آگاہ کیا گیا۔ این سی سی آئی اے نے شواہد والدین کے سامنے رکھے اور تینوں بچوں کو محفوظ تحویل میں پہنچا دیا۔ بچوں کے آن لائن استحصال اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ممکنہ نیٹ ورکس کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ