”کُن فیکون“ کی طاقت صرف اللہ کے پاس ہے، یہ غلط فہمی دور کرلیں کہ حکم دینے سے فیصلے ہوجائیں گے: بلاول
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 6 ماہ کے اندر عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم نہ کرایا جائے، انتخابی اصلاحات کرکے 6 ماہ کے اندر انتخابات کرائے جائیں، وہ دوبارہ انتخابات جیت کر آئیں گے اور بتائیں گے کہ سندھ کے لوگوں نے انہیں ووٹ کیوں دیے۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر ریفرنڈم کرایا گیا تو قانون نافذ کرنے والے ادارے سندھ میں امن و امان برقرار رکھنے کی ضمانت دیں۔ صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے معاملے پر اب تک کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔ نواب شاہ میں صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات ہو یا لاہور میں صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، کسی بھی موقع پر ریفرنڈم کا معاملہ زیر غور نہیں تھا۔
بلاول نے کہا کہ نئے صوبوں کی بات کرنے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے کبھی انتخابات نہیں جیتے اور نہ ہی آئندہ جیت سکیں گے۔ پاکستان کے حکمران ملک کے حقیقی مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ کیا پاکستان اس طرح چلے گا کہ کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بحث شروع کردے کہ نظام کو کس طرح ازسرنو تشکیل دیا جائے گا اور نئے صوبے کیسے بنائے جائیں گے؟ سندھ کی تقسیم کی صورت میں خون بہے گا۔ اگر زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی۔ میں دھمکی نہیں دے رہا بلکہ خبردار کر رہا ہوں۔ محسن نقوی صوبوں کی تقسیم سے متعلق ریفرنڈم تو چاہتے ہیں، لیکن وہ نقشے پر یہ بھی نہیں بتا سکیں گے کہ سندھ کے شہر کہاں واقع ہیں۔
اس سے قبل ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ سندھ میں 80 اور 90 کی دہائی کے دوران کیا ہوا تھا؟ اس وقت بھی ایسے حالات پیدا کیے گئے تھے کہ سندھ میں تقسیم پیدا ہو۔ آج بھی یہ خطرہ موجود ہے، اسی لیے میں پہلے ہی خبردار کر رہا تھا۔ میں خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا، دھمکی نہیں دے رہا تھا۔ خبردار کر رہا تھا کہ اگر زبردستی ایسا کچھ کیا گیا تو اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ یہ بات صرف میں نہیں کر رہا بلکہ اس تجویز کا بڑا حامی، جس کا تعلق کراچی سے ہے، اس نے بھی یہی الفاظ استعمال کیے ہیں۔ اگر زبردستی کی گئی تو میری خواہش کے باوجود ایسی آگ بھڑک اٹھے گی جسے بجھانا مشکل ہوجائے گا۔ اگر ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ کراچی بندرگاہ سے باہر جانے والا سامان برآمد نہ ہوسکے تو اس کے معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر کوئی کہے گا کہ وہ نظام کو گرا دے گا تو مجھے بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق ہے۔ اگر نظام تباہ ہوچکا ہے تو کیوں؟ اگر کوئی کہتا ہے کہ نظام کو ازسرنو تشکیل دینے کی ضرورت ہے تو مجھے بھی یہ حق حاصل ہے کہ اپنی رائے دوں کہ اس کی نئی تشکیل کس طرح ہونی چاہیے۔ یہ سیاسی بنیادوں پر ہونی چاہیے یا غیر سیاسی بنیادوں پر؟ میں نے اپنی تجاویز پیش کی ہیں اور اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا۔ اشرافیہ کو شاید معاشی مشکلات کی شدت کا اندازہ ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری حکومت موجود ہے اور میں خود بھی اس عمل کا ایک اہم فریق ہوں۔ ایک اہم فریق کی حیثیت سے بتا رہا ہوں کہ حالات بہتر بنانے کے لیے میری کیا تجاویز ہیں۔ میں اس لیے کہہ رہا ہوں کہ سب کو ہوش سے کام لینا چاہیے۔ لگتا ہے کہ میرے سچ بولنے کے بعد انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ مجھ سے بھی لڑنا ہے۔ جو ردعمل سامنے آیا ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاست دانوں میں سچ سننے کی ہمت نہیں ہے۔ اگر ان میں میری بات سننے کی ہمت نہیں تو پھر ان لوگوں کا کیا ہوگا جو اپنی آواز حکومت تک بھی نہیں پہنچا سکتے؟ آپ نے بحث شروع کی ہے تو اتنی ہمت بھی رکھیں کہ اس بحث کو آگے بڑھائیں۔ خود فیصلہ کرکے یہ بحث اپنے کارندوں کے ذریعے کرانا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اتنا کمزور ملک نہیں کہ ایک فریق ہی بحث کرے اور باقی سب کو اس سے اتفاق کرنا پڑے یا خاموش رہنا پڑے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ صوبوں کے حوالے سے بحث شروع ہونے سے لے کر آج تک کسی وزیر، وزیراعظم یا سیاسی جماعت سے مشاورت نہیں کی گئی۔ بحث ضرور ہونی چاہیے، لیکن بنیادی مسائل پر توجہ دینا بھی ضروری ہے۔ میں توجہ انہی مسائل کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ اگر نظام ختم ہوچکا ہے تو کیا اس بارے میں بات کرنے کا حق صرف ایک فریق کو ہے؟ کیا کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کہے کہ نظام ختم ہوچکا ہے؟ اگر نظام کو ازسرنو تشکیل دینا ہے تو کیا یہ فیصلہ کرنے کی ذمہ داری کرکٹ بورڈ کو دی گئی ہے؟ مولانا فضل الرحمان آپ کے پرانے ساتھی رہے ہیں، لیکن جب وہ تنقید کرتے ہیں تو جواب میں ان کا گھر گرانے کی باتیں کی جاتی ہیں۔
27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت آئینی عدالت کا قیام ایک تاریخی کامیابی ہے۔ ہم نے 27ویں ترمیم منظور کرائی ہے اور میں اس فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹ رہا۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ 27ویں ترمیم ختم کردی جائے یا آئینی عدالتیں ختم کردی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے لیے مولانا فضل الرحمان کے ذریعے اپوزیشن کی رائے لی گئی تھی، لیکن 27ویں ترمیم کے لیے ہم اپوزیشن کی رائے حاصل نہیں کرسکے۔ 27ویں ترمیم کے بعد ججوں کا ردعمل میرے لیے غیر متوقع تھا۔ 26ویں ترمیم کے بعد عدلیہ سے استعفے نہیں آئے تھے، لیکن 27ویں ترمیم کے بعد استعفے دیے گئے۔ میں نے کہا تھا کہ عدلیہ اور وکلا کی رائے بھی لی جائے، آخر میں نے کون سی حد پار کی تھی؟
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اگر سیاسی اور جمہوری بنیادوں پر نظام کو ازسرنو تشکیل دینا ہے تو اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ میری تجویز ہے کہ اپوزیشن کو مخصوص نشستیں واپس دی جائیں۔ یہ صرف ایک تجویز ہے، کوئی حتمی شرط یا سرخ لکیر نہیں۔ میں تجویز دے سکتا ہوں، اگر حکومت اس پر عمل نہیں کرنا چاہتی یا سننے کے لیے تیار نہیں تو میں زبردستی تو نہیں کرسکتا۔ میری تجویز ہے کہ اگر آغاز کرنا ہے تو یہاں سے کیا جاسکتا ہے۔ جب یہ مخصوص نشستیں حکومت کے پاس نہیں تھیں تب بھی پیپلز پارٹی حکومت کی حمایت کرتی تھی۔ اگر یہ نشستیں نہ بھی ہوں تو ہم پر کوئی آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا۔ اس نظام کا بوجھ اٹھانے سے میرا سیاسی نقصان ہو رہا ہے، لیکن میں آج بھی چاہتا ہوں کہ شہباز شریف کامیاب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کی جنگ کے بعد اس کے اثرات پوری دنیا کی معیشت پر پڑے ہیں۔ اس وقت عوام کو ہم سے صرف معاشی مسائل کے حل کی امید ہے۔ میں حکومت سے کہنا چاہتا ہوں کہ ”کُن فیکون“ کی طاقت صرف اللہ کے پاس ہے، کسی اور کے پاس نہیں۔ اگر کسی کو یہ غلط فہمی ہے کہ صرف حکم دینے سے فیصلہ ہوجائے گا اور اس پر عمل بھی ہوجائے گا تو اسے اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ ان نتائج کے اثرات ہمارے معاشرے، وفاق، سیاست اور عوام کی زندگیوں پر پڑیں گے۔ اگر آپ کو یہ حق حاصل ہے کہ آپ فیصلہ کریں اور آپ کے پاس اتنی طاقت ہے کہ آپ کا سنایا ہوا فیصلہ نافذ ہوجاتا ہے تو پھر میری بات پر اتنا زلزلہ اور اس کے جھٹکے کیوں محسوس ہو رہے ہیں؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر گورنر کا عہدہ یا سینیٹ چیئرمین کی نشست نہ ہوتی تو کیا پیپلز پارٹی کی سیاست ختم ہوجاتی؟ اتحادیوں کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، اس کے باوجود میں حکومت کے ساتھ کھڑا ہوں۔ آج بھی چاہتا ہوں کہ وزیراعظم شہباز شریف کامیاب ہوں۔ عمران خان ایک سیاست دان بھی ہیں اور قیدی بھی، تو کیا وہ سیاسی قیدی نہیں ہیں؟ میرے لیے یہ تسلیم کرنا مشکل ہے کہ ملک کا ہر وزیراعظم چور ہوتا ہے۔ میں وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب پاکستان کا کوئی وزیراعظم بنے اور اسے جیل نہ جانا پڑے۔ مخصوص نشستوں کے حوالے سے میں صرف ایک تجویز دے رہا ہوں، یہ کوئی سرخ لکیر نہیں ہے۔