وزیر تعلیم اسمبلی فلور پر کی گئی باتیں اساتذہ کے احتجاجی کیمپ میں آکر دہرائیں تو احتجاج ختم کردیں گے: پ ٹ الف
کراچی (رپورٹر) کراچی میں پرائمری اساتذہ نے سروس اسٹرکچر اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے آج اٹھارہویں روز بھی احتجاج جاری رکھا۔
اس موقع پر پ ٹ الف کے صدر استاد غلام رسول مہر نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم نے اسمبلی فلور پر اعتراف کیا ہے کہ سروس اسٹرکچر اساتذہ کا حق ہے اور یہ حق انہیں دیا جا رہا ہے، دو ماہ کے اندر کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سردار حسین شاہ صاحب اسمبلی فلور پر کی گئی باتیں کراچی پریس کلب کے باہر بیٹھے اساتذہ کے احتجاجی کیمپ میں آکر دہرائیں اور سروس اسٹرکچر کے نوٹیفکیشن کی تاریخ کا اعلان کریں تو ہم احتجاج ختم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پ ٹ الف کے صدر کا کہنا تھا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل اساتذہ کے مطالبات اتنے بڑے نہیں ہیں، وزیر تعلیم یا سیکریٹری تعلیم چاہیں تو پرائمری اساتذہ کے مسائل ایک ہی دن میں حل ہوسکتے ہیں۔ سروس اسٹرکچر کے نوٹیفکیشن کی تاریخ کا اعلان اور دیگر مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے تو احتجاجی کیمپ ختم کردیا جائے گا۔