معروف سماجی شخصیت و بزنس مین سید امتیاز الحق بخاری کی صدیق سنگھار کی رہائش گاہ پر آمد

صدیق سنگھار وڈیو جرنلزم کا روشن اور معتبر چہرہ ہیں، انہوں نے ہمیشہ اپنے کردار کو صاف ستھرا رکھا ہے، سید امتیاز الحق بخاری

معروف سماجی شخصیت و بزنس مین سید امتیاز الحق بخاری کی صدیق سنگھار کی رہائش گاہ پر آمد

کراچی: بخاری گروپ آف کمپنیز کے سی ای او سید امتیاز الحق بخاری نے اے سی جے الیکشن میں فرینڈز پینل کے صدارتی امیدوار علی احمد جان کے ہمراہ دی ایسوسی ایشن آف کیمرہ جرنلسٹس کے سابق صدر اور سینئر وڈیو جرنلسٹ محمد صدیق سنگھار کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر سید امتیاز الحق بخاری نے صدیق سنگھار کی صحافتی، فلاحی اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدیق سنگھار میڈیا انڈسٹری کا ایک روشن اور معتبر نام ہیں۔ انہوں نے اپنی انتھک محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا اور ہمیشہ اپنے کردار کو صاف ستھرا اور بے داغ رکھا۔ وڈیو جرنلزم کے میدان میں ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور صحافتی برادری ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت سے وابستہ مخلص اور باصلاحیت افراد ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ہم صدیق سنگھار کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں تاکہ وہ دوبارہ بھرپور انداز میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔ واضح رہے کہ محمد صدیق سنگھار، جو قومی خبر رساں ادارے اے پی پی سے وابستہ ہیں، فالج کے معمولی حملے کے باعث گزشتہ کچھ عرصے سے علیل ہیں اور زیرِ علاج ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔ اس موقع پر سینئر کیمرہ مین عمر ملک بھی موجود تھے۔