کراچی: لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں رہائشی عمارت کی پانچویں اور چھٹی منزل کی چھت گرنے کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچے اور علاقے کو خالی کرا کے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
امدادی ادارے ایدھی کے مطابق عمارت کی چھٹی منزل پانچویں پر آ گری، جس سے 2 خواتین جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 3 خواتین شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والی ایک خاتون کی شناخت 45 سالہ حرمت رفیق کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسری خاتون کی شناخت جاری ہے۔ زخمیوں میں 40 سالہ سکینہ، 18 سالہ حاجرہ اور 22 سالہ جویریہ شامل ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق یہ واقعہ بلال مسجد پشاوری ہوٹل کے قریب غنی مینشن کی چھ منزلہ عمارت میں پیش آیا۔ چھٹی منزل پانچویں پر گر گئی۔ پولیس موقع پر موجود ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ 2 خواتین کی لاشیں اور 3 زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والی خواتین آپس میں بہنیں تھیں، جبکہ زخمیوں میں ان کے بچے بھی شامل ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ اور دیگر حکام کو جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کی ہدایت دی ہے۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سعید غنی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔
0 تبصرے