کراچی؛ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ لاہور میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے کی ہر شخص نے مذمت کی ہے اور پنجاب حکومت نے اس معاملے میں کارروائی کی ہے، جبکہ ہر فرد اپنے عمل کا خود ذمہ دار ہوتا ہے۔
کراچی میں سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر زراعت محمد بخش مہر، وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان اور وزیر فشریز محمد علی ملکانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ محکمہ خوراک کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت چاروں صوبوں کی مشاورت سے گندم کی مشترکہ قومی پالیسی مرتب کرنا چاہتی ہے، تاہم سندھ حکومت اس حوالے سے اپنے تحفظات وفاق کے سامنے رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کابینہ نے نئی شوگر ملز کے قیام کی اجازت نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خصوصی بچوں کی فلاح کے لیے وفاق نے بھی سندھ حکومت کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جبکہ شہید بینظیر بھٹو فلائی اوور ایک ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت سندھ فشریز سکیورٹی کے نام سے ایک نیا ادارہ قائم کر رہی ہے، جو ماہی گیری کے شعبے کی نگرانی اور بہتری کے لیے کام کرے گا۔
وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ محکمہ خوراک کی ڈیجیٹلائزیشن اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں نے گندم کی امدادی قیمت 3 ہزار 500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی تھی، تاہم امدادی قیمت کم ہونے کے باعث سرکاری خریداری متاثر ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گندم کی بمپر پیداوار ہوئی ہے، مگر مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے، جس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ آٹے کی قیمتوں کو بھی قابو میں رکھا جائے گا۔
وزیر زراعت محمد بخش مہر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی قلت زراعت کے لیے بڑے چیلنجز ہیں، اس لیے ڈرپ ایریگیشن کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا ضیاع بہت زیادہ ہے، جس کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے 93 فیصد کسان چھوٹے زمیندار ہیں، جن کے لیے حکومت نے سپورٹ پرائس، سبسڈی اور ہاری کارڈ جیسے اقدامات کیے ہیں، جبکہ ہاری کارڈ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔
وزیر فشریز محمد علی ملکانی نے کہا کہ بغیر لائسنس ماہی گیری کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس شعبے کی بہتری کے لیے نیا ادارہ قائم کیا جا رہا ہے، جو اس سے متعلق تمام امور کی نگرانی کرے گا۔
صحافیوں کے سوالات کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص نے اس کی مذمت کی ہے اور پنجاب حکومت اس معاملے میں کارروائی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنے عمل کا خود ذمہ دار ہوتا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ اگر پارٹی کو سندھ میں پانی، گیس اور بجلی جیسے مسائل پر تحفظات ہیں تو احتجاج کرنے کے بجائے حکومت چھوڑ دینی چاہیے۔ انہوں نے ایسے بیانات کو سیاسی حربہ قرار دیا۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے شعبے میں چھٹا نمبر حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ایک کامیاب منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی مدد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جس بھی سرکاری محکمے میں پیشگی ادائیگیوں میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں، حکومت اس کے خلاف کارروائی کرے گی، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی میں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
0 تبصرے