امریکا اور چین کے درمیان ٹیرف میں 115 فیصد کمی پر 90 روزہ عبوری معاہدہ

امریکا اور چین کے درمیان ٹیرف میں 115 فیصد کمی پر 90 روزہ عبوری معاہدہ

جنیوا: امریکا اور چین نے تجارتی محصولات (ٹیرف) میں 115 فیصد کمی پر عبوری طور پر اتفاق کرلیا ہے، جس پر آئندہ 90 دنوں تک عمل درآمد کیا جائے گا۔ یہ پیشرفت جنیوا میں چینی حکام اور امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ ملاقات کے بعد امریکی وزیر خزانہ نے اس پیشرفت کا باضابطہ اعلان کیا۔ ان کے مطابق، دونوں ممالک نے باہمی تجارتی تناؤ میں کمی لانے کے لیے 115 فیصد تک ٹیرف میں کمی پر رضامندی ظاہر کی ہے، اور ابتدائی طور پر ان اقدامات کو 90 روز کے لیے مؤخر کیا گیا ہے۔ چینی وزارت تجارت کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ مذاکرات مثبت رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹیرف میں کمی صرف چین اور امریکا کے لیے ہی نہیں بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی مفید ثابت ہوگی، اور چین پرامید ہے کہ امریکا تجارتی معاملات میں تعمیری تعاون جاری رکھے گا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق، مذاکرات کے دوران یہ بھی طے پایا کہ امریکا چینی مصنوعات پر 30 فیصد ٹیرف عائد کرے گا، جبکہ چین امریکی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیرف نافذ کرے گا۔