پیر، 19 اکتوبر 2026
بریکنگ

اوہائیو یونیورسٹی میں پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام روایتی پاکستانی ناشتے کی تقریب

دنیا 19th Oct 2026 97 مناظر
اوہائیو یونیورسٹی میں پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام روایتی پاکستانی ناشتے کی تقریب
ایتھنز، اوہائیو: اوہائیو یونیورسٹی، ایتھنز، اوہائیو میں پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام روایتی پاکستانی ناشتے کی ایک پُرذائقہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی طلبہ کے علاوہ انڈونیشیا، بنگلہ دیش، بھارت، نیپال، میکسیکو، ایکواڈور، مصر، سری لنکا اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔ شرکاء نے بالخصوص نہاری اور حلوہ پوری کو بے حد سراہا۔ تقریب میں پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے تعلیمی مشیر، ڈاکٹر لئیق خان، ڈائریکٹر اسمارٹ لیب اور گریجویٹ ڈائریکٹر، اسکول آف میڈیا آرٹس اینڈ اسٹڈیز، اوہائیو یونیورسٹی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر لئیق خان نے کہا کہ طلبہ کو اپنی قومی شناخت کو نمایاں رکھتے ہوئے محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلسل محنت اور عزم کے ذریعے کامیابی کی منزلیں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی کمیونٹی سے جڑے رہیں اور دنیا بھر میں دستیاب تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کی نائب صدر، آزادی فتح محمد نے تقریب کے آغاز میں شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد گھر سے دور رہنے والے طلبہ کے لیے گھر کی یادوں کو خوشگوار بنانا اور دیسی ذائقوں کے ذریعے مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک جگہ جمع کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے نہ صرف جنوبی ایشیائی کمیونٹی بلکہ امریکی طلبہ کو بھی پاکستانی روایات، کھانوں اور ثقافت سے روشناس کرانا مقصود تھا۔ پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کی صدر، زویا فتح محمد نے مہمانِ خصوصی کو گلدستہ پیش کیا اور تمام شرکاء کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کا مقصد پاکستانی طلبہ کی کمیونٹی کو مزید مضبوط بنانا اور عالمی سطح پر پاکستانی طلبہ کے علمی، ادبی اور ثقافتی کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ تقریب کے کامیاب انعقاد میں پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر برائے سوشل میڈیا و ابلاغ، احمد مجتبیٰ وکیل، اور خزانچی، امش عسکری نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ یہ تقریب مختلف قومیتوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو پاکستانی کھانوں اور روایات کے ذریعے قریب لانے اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ایک خوبصورت مثال ثابت ہوئی۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ