بدھ، 18 نومبر 2026
بریکنگ

آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ لیکچر دینے یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں: خواجہ آصف کا بلاول کی تقریر پر ردعمل

تازہ ترین 18th Nov 2026 15 مناظر
آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ لیکچر دینے یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں: خواجہ آصف کا بلاول کی تقریر پر ردعمل
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلاول بھٹو کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ کو لیکچر دینے یا دھمکی دینے کا حق حاصل ہے؟ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بلاول صاحب، آپ نے نظام کو ازسرنو تشکیل دینے کی بات کی، لیکن کوئی بھی نظام اس وقت تک ازسرنو تشکیل نہیں دیا جا سکتا جب تک اسے عوامی حمایت حاصل نہ ہو۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اگر آپ نظام کے زوال کی بات کر رہے ہیں تو ہم سب کے لیے، جو اس نظام کا حصہ ہیں، اپنی ذمہ داریوں کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ اس ملک میں سیاست دانوں کا احتساب نہ کوئی نئی بات ہے اور نہ ہی کوئی سیاست دان احتساب سے بالاتر ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کی پریس کانفرنس پُرجوش تھی اور موجودہ حکومت اور نظام پر تنقید تک محدود رہی، لیکن احترام کے ساتھ عرض کروں گا کہ ہم سیاسی لوگوں کو عوام سے رابطے کے طریقہ کار کو پچھلے دروازے سے آنے کا راستہ قرار نہیں دینا چاہیے۔ ہم سیاست دانوں کی بنیاد عوامی رائے ہے۔ عوامی رائے لینے کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر بحث و مباحثے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ یقیناً نظام کو ازسرنو تشکیل دینے کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ضرور ہوگی، لیکن اس کے ساتھ عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ اگر پارلیمنٹ کے ساتھ عوام کی رائے بھی معلوم کی جائے تو میرے خیال میں یہ عوامی قبولیت کی بلند ترین صورت ہوگی۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بلاول صاحب، آپ کے پاس سندھ کی حکومت 18 سال سے ہے، سندھ جنت بن چکا ہے، کراچی شہر کی حالت پر دنیا رشک کرتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ آپ 2022ء سے حکومت چلانے میں شراکت دار ہیں، فائدہ آپ کا اور نقصان مسلم لیگ (ن) یا پاکستان کا؟ کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ کو لیکچر دینے یا دھمکی دینے کا حق حاصل ہے؟ انہوں نے کہا کہ حکمرانی میں عوام کی شمولیت کو حقیقت بنائیں، حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہے، کسی کی میراث نہیں۔ عوام کے حقوق کو صرف آئین کی کتاب تک محدود نہ رکھیں، حکمرانی کسی کی اجارہ داری نہیں، 25 کروڑ عوام کو یہ حق اللہ تعالیٰ نے عطا کیا ہے۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ